لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو ہسپتال پہنچنے کا حکم دے دیا۔
پنجاب حکومت کے ہسپتالوں کو ٹھیک کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، گنگا رام ہسپتال میں مسیحاؤں کی بے حسی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ ڈاکٹرز کا خاتون کو ہسپتال میں داخل کرنے سے انکار، خاتون نے ایم ایس آفس کے سامنے ہی بچے کو جنم دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو فوری ہسپتال پہنچنے کا حکم دیتے ہوئے وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی۔ شہباز شریف نے کہا کہ حاملہ خاتون کو ہسپتال میں داخل نہ کئے جانے کے واقعہ کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ پیش کی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ واضح رہے ڈی ایچ کیو ہسپتال رائیونڈ میں بھی ہسپتال داخل نہ کرنے کی وجہ سے خاتون نے ہسپتال کے باہر ہی بچے کو جنم دے دیا تھا۔