واشنگٹن(ویب ڈیسک) قدرت کے خزانوں میں چیری ایک لاجواب پھل ہے۔ اب ٹماٹر جیسی سرخ رنگت والی کھٹی چیری میں ایسے مرکبات کا انکشاف ہوا ہے جو خصوصاً بزرگ افراد میں دماغی و ذہنی صلاحیت کو بہتر بناسکتے ہیں۔اسی بنا پر محققین عمرسیدہ افراد کو ٹارٹ چیری کا رس پینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ اس میں موجود حیاتیاتی مرکبات یادداشت، ردِ عمل اور دیگر اعصابی امور کو تقویت دیتے ہیں۔امریکہ میں یونیورسٹی آف ڈیلاور کے سائنسدانوں نے چیری کی افادیت جانچنے کے لیے 65 سے 73 سال کے 34 افراد کو بھرتی کیا جو بظاہر تندرست تھے۔ ان افراد کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے گروہ کو روزانہ صبح اور شام 480 ملی لیٹر ٹارٹ چیری کا جوس دیا گیا اور یہ عمل 12 ہفتوں تک جاری رکھا گیا۔ دوسرے گروہ کو ایک فرضی مشروب دیا جاتا رہا۔اس دوران مطالعے میں شریک افراد میں سے کسی نے بھی دماغی قوت بڑھانے والی دوائیں نہیں کھائی اور شرکا پورے عرصے میں اپنی معمول کی غذائیں کھاتے رہے اور معمولاتِ زندگی انجام دیتے رہے۔ ان میں سے کسی کو بھی نہیں بتایا گیا کہ کسے چیری کا رس دیا گیا ہے اور کسے عام مشروب پلایا جارہا ہے۔12 ہفتے بعد تمام شرکا کے ٹٰیسٹ لیے گئے تو دلچسپ نتائج سامنے آئے۔ جن افراد نے چیری کا رس استعمال کیا انہوں نے بصری یادداشت کے ایک ٹیسٹ میں 23 فیصد کم غلطیاں کیں۔ جبکہ عام مشروب پینے والے افراد کی عین اسی ٹیسٹ میں بہت معمولی بہتری دیکھی گئی۔ اس وژول ٹیسٹ کا مقصد بصری یادداشت اور نئی باتیں سیکھنے کی صلاحیت کو چانچنا تھا۔چیری کا جوس پینے والے افراد نے یہ بھی کہا کہ انہیں اپنی یادداشت پر اعتماد میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد وہ چیزوں کو اچھی طرح یاد کرنے لگے ہیں۔ ان بزرگوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں چلنے پھرنے میں 4 فیصد بہتری ہوئی جسے ایک خاص ٹیسٹ سےبھی ناپا گیا۔ بصری معلومات کو سمجھنے میں تین فیصد اضافہ ہوا۔ تمام شرکا نے یادداشت کے مجموعی ٹیسٹ، جگہوں کے تعین اور حکمتِ عملی کے استعمال میں بھی 18 فیصد اضافے کا اعتراف کیا۔یہ بہت حوصلہ افزا نتائج ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹماٹر جیسی سرخ رنگت والی چیری میں پولی فینولز، میلانِن اور اینتھوسائنِن پائے جاتے ہیں۔ یہ سب انسانی دماغی صلاحیت کو بڑھاتے ہیں اور اسی بنا پر ماہرین عمررسیدہ افراد کو چیری کا جوس پینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔