ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں اضافہ ہورہا ہے، بھارت پیلٹ گن کو نہتے کشمیریوں پر استعمال کررہا ہے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کا نوٹس لے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت حریت رہنماؤں کے اہلخانہ کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ پیلٹ گنوں کےشکار کشمیریوں کے یورپی ممالک میں علاج کرانے کی پیشکش کی تھی اور یہ پیشکش اب بھی موجود ہے لیکن بھارت نے پیشکش پر انکار کیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت سمجھوتا ایکسپریس میں ملوث کرنل پروہت اور دیگر کو تحفظ دے رہا ہے، بھارتی حکومت آسیم آنند، کرنل پروہت اور دیگر کی تحقیقات پراثر انداز ہوا ہے جب کہ پاکستان کو تحقیقات سےمتعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔ نفیس ذکریا نے کہا کہ علاج کے لیے بھارت جانے والوں کو ویزا نہ دینے کی مثال ماضی میں موجود نہیں، سفارتی آداب میں مریضوں کو ویزا جاری نہ کرنے جیسے اقدام نہیں ہوتے لہٰذا پاکستان اس حوالے سے متبادل انتظام کر رہا ہے۔