امریکا سے تعلق رکھنے والے متنازع مصنف ڈیوڈ میڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ نیبریو نامی ایک سیارہ ہماری زمین سے ٹکرانے والا ہے۔
لاہور: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک متنازع مصنف ڈیوڈ میڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ ہماری دنیا کا خاتمہ ہونے میں صرف چند ماہ ہی باقی رہ گئے ہیں۔ کیونکہ نیبریو نامی ایک سیارہ تیزی سے ہماری زمین کی جانب بڑھ رہا ہے، اس سیارے کے ٹکرانے سے دنیا کا خاتمہ ہو جائے گا۔ پلانٹ ایکس دی 2017ء ارائیول کے مصنف کے مطابق یہ سیارہ ساخت میں بالکل سورج کی طرح بڑا ہے اور زمین کے قطب جنوبی کی جانب آ رہا ہے۔ نجی نیوز ویب سائٹ کے مطابق اس نظریے کی تائید کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ کشش ثقل کے زیر اثر نیبریو نے سینکڑوں برس پہلے دیگر سیاروں کے مداروں کو منتشر کر دیا تھا۔
ڈیوڈ میڈے کا دعویٰ ہے کہ یہ سیارہ رواں سال اکتوبر میں زمین سے ٹکرائے گا۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ سیارہ زمین کے کس حصے سے ٹکرائے گا، اس کے مقام کا تعین کرنا مشکل ہے۔دوسری جانب سائنسی کمیونٹی نیبریو کے وجود کو تسلیم نہیں کرتی، اس سے قبل امریکی خلائی ایجنسی ناسا بھی باور کرا چکی ہے کہ نیبریو کی اور اس جیسے دیگر سیاروں سے متعلق تمام باتیں انٹرنیٹ پر پھیلی ہوئی دلچسپ کہانیوں سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس ستمبر اور دسمبر میں بھی نیبریو کے زمین سے ٹکرانے کے بارے میں افواہیں پھیل چکی تھیں۔ 2003ء میں بھی کہا گیا تھا کہ نیبریو کے سبب دنیا ختم ہو جائے گی۔