8سال بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے کھل گئے، ورلڈ الیون کی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔ ایئرپورٹ پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ٹیم کا استقبال کیا۔ آزادی کپ کا پہلا ٹاکرا کل منگل کو ہو گا۔
ورلڈ الیون کی ٹیم کے 13 کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں لاہور پہنچے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور سی سی پی او لاہور امین وینس سمیت اعلیٰ حکام نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔
بعد ازاں کھلاڑیوں کو انتہائی سخت سیکیورٹی کے حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔ ورلڈ الیون ٹیم میں شامل 7ممالک کے چمکتے ستارے لاہور پہنچنے پر انتہائی خوش تھے۔ ہوٹل پہنچنے پرورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے لاہور آمد کے ساتھ پاکستانی شائقین کےنام ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان آ کر خوشی ہوئی ۔ اینڈی فلاور نے گرم جوشی سے استقبال پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان اچھے میچ ہوں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی سیموئل بدری آج شام لاہور پہنچیں گے۔
ورلڈ الیون کا 14رکنی اسکواڈ جو پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے میدان میں اترے گا ان میں کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، عمران طاہر، ٹم پین، جارج بیلی، گرانٹ الییٹ، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، تمیم اقبال، ڈیرن سیمی اور تھسارا پریرا شامل ہیں۔ ادھر قومی کرکٹ ٹیم کا 16 رکنی اسکواڈ بھی سرفراز احمد کی قیادت میں ورلڈ الیون سے ٹکرانے کے لیے تیار ہے جن میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، عماد وسیم، عمر امین، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، عامر یامین، محمد عامر، رومان رئیس، عثمان خان اور سہیل خان کے نام شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ الیو ن اور پاکستان کے درمیان ہونے والی سیریز کو آزادی کپ کا نام دیا گیا ہے جو 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل ہےاور یہ تینوں میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 12ستمبر کو ہوگاجبکہ دوسرا میچ 13 ستمبر کو اور تیسرا اور آخری میچ 15 ستمبر کو کھیلا جائےگا ۔ یہ میچز پاکستانی وقت مطابق رات 8 بجے شروع کیے جائیں گے۔