بیجنگ: سات میٹر اونچا سموگ فری ٹاور تیس ہزار کیوبک میٹر ہوا کو دھویں اور بیکٹیریا سے پاک کر کے صاف کر دیتا ہے
چینی دارالحکومت بیجنگ میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے دنیا کا سب سے بڑا فلٹر نصب کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ہوا میں آلودگی ایک اہم ماحولیاتی مسئلہ ہے ، بڑے شہر بالخصوص اس مسئلے کا شکار ہیں، چین میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے دنیا کا سب سے بڑا فلٹر نصب کر دیا گیا ہے ۔ یہ فلٹر نہ صرف ماحول میں سے 75 فیصد گرد و غبار صاف کرتا ہے بلکہ فلٹر کے ذریعے حاصل ہونیوالے کاربن کے ذرات سے زیورات بھی بنائے جا سکتے ہیں۔ سات میٹر اونچا یہ فلٹر ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈان رووزگارڈ نے تیار کیا ہے ۔ سموگ فری ٹاور تیس ہزار کیوبک میٹر ہوا کو دھویں اور بیکٹیریا سے پاک کر کے صاف اور شفاف ہوا فراہم کرتا ہے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال چین کا دارالحکومت بیجنگ دنیا کے سموگ سے متاثرہ شہروں میں سرِ فہرست تھا ، بیجنگ کو موسم سرما میں دھوئیں اور دھند کا سامنا رہتا ہے ، رہائشیوں کو ہدایت جاری کی جاتی ہے جب بھی باہر جائیں، اپنے چہرے کو ماسک سے ڈھانپ لیں۔اس شہر میں اس قدر آلودگی ہوتی ہے کہ وہاں ماسک کے بغیر سانس لینا بھی محال سمجھا جاتا ہے۔