اسٹاک ہوم: دنیا میں امیر کبیر افراد کے لیے مہنگے کھانے، گھڑیاں اور گاڑیاں تو بنتی ہی رہتی ہیں لیکن سوئزرلینڈ کی ایک کمپنی نے دنیا کی سب سے مہنگی چپس بنائی ہے جس کے ایک پیکٹ کی قیمت 5600 روپے ہے اور اس میں صرف 5 چپس موجود ہوتے ہیں۔
اسے سینٹ ایرک کمپنی نے تیار کیا ہے جو مہنگی ترین شراب بنانے کی شہرت رکھتی ہے۔ کمپنی حکام کے مطابق وہ شراب سازی میں مہارت رکھتے ہیں اور اسی لیے ماہرین نے دنیا کا بہترین چپس بھی بنایا ہے جو خاص اجزا سے تیار کردہ دنیا میں سب سے منفرد ہے۔
چپس کو سیاہ رنگ کے ایک خوبصورت ڈبے میں بند کیا جاتا ہے۔ ماہر ترین شیف اس چپس کو تیار کرتے ہیں اور ان میں 5 اہم اجزا شامل کیے گئے ہیں۔ ان اجزا میں مٹسوٹیک مشروم شامل ہیں جو سویڈن کے شمالی جنگلات میں پائے جاتے ہیں۔ دوسری اہم شے ٹرفل نامی سمندری گھاس ہے جو فیریو جزائر سے حاصل ہوتی ہے، سویڈن کا ایک نباتاتی مصالحہ کراؤن ڈِل، خاص قسم کی پیاز، انڈین پیل شراب چوتھی اہم شے ہے۔
چپس کے لیے آلو سویڈن کی امارناس پہاڑیوں سے آتا ہے جو بہت کم مقدار میں کاشت کیا جاتا ہے۔ یہ آلو ہاتھوں سے کاشت کرکے ہاتھوں سے ہی نکالے جاتے ہیں اور تمام چپس کو ہاتھوں سے بنایا جاتا ہے جو خاص اجزا سے ایک الگ ذائقہ دیتے ہیں۔ کمپنی نے گزشتہ ہفتے صرف 100 پیکٹ پیش کیے جو تھوڑی ہی دیر میں ختم ہوگئے۔