کراچی: شہر قائد کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر ڈرگ روڈ پل کو ترقیاتی کام کے باعث 3 ماہ کےلئےبند کردیا گیا جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہے۔
کراچی میں شارع فیصل پر واقع ڈرگ روڈ فلائی اوور کو مرمت کے باعث تین ماہ تک مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہے اور کام پر جانے والے شہریوں کو سخت پریشانی اور اذیت کا سامنا ہے۔ ملیر، راشد منہاس روڈ اور گلستان جوہر سے شارع فیصل جانے والے افراد کےلئے ناتھا خان پل کے نیچے بنایا گیا راستہ بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل آیا ہے۔ ٹریفک پولیس نے ملیر سے راشد منہاس روڈ جانے والی ٹریفک کو کارساز سے ڈالمیا روڈ کا راستہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اسٹیڈیم روڈ سے کارساز اور شارع فیصل کا راستہ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پل کا تعمیراتی کام تاحال شرع نہیں ہوسکا ہے جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام کو بروقت مطلع نہ کیے جانے کے باعث اسٹار گیٹ سے کارساز تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور بدترین ٹریفک جام کے باعث سیکڑوں افراد پھنس گئے۔