دبئی (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں پولیس نے 15سالہ عرب طالبہ کی زندگی بچالی جس نے محض اس وجہ سے خودکشی کی کوشش کی کہ سکول میں اس کے ہم جماعت بچوں نے بدمعاشی کی تھی ۔ لڑکی نے وزارت داخلہ کے ماتحت بچوں کی حفاظت کی ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اور کہاکہ اب وہ مزید بدمعاشی برداشت نہیں کرسکتی اور اسی وجہ سے خودکشی کرنے جارہی ہے۔ جیسے ہی یہ کال موصول ہوئی تو ڈیوٹی پر موجود اہلکار نے دبئی پولیس کے کمانڈروم میں ٹرانسفر کردی جہاں سے فوری طورپر ماہرین کی ایک ٹیم سکول کیلئے روانہ ہوئی تاکہ لڑکی سے مل کر اسے خود کشی کرنے سے روکا جاسکے۔ خواتین اور بچوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے کام کرنیوالی سماجی ماہر رودھا الرزواقی نے بتایاکہ وہ اس لڑکی کی مدد کیلئے سکول گئی جوپھندا لگا کر اپنی جان لینے کی کوشش کررہی تھی ، ہم نے اسے روکااور سمجھایا، اس نے اعتراف کیا کہ وہ پہلے بھی خود کشی کی کوشش کرچکی ہے کیونکہ دیگر لوگوں کا اس پر شدید دبائو ہے ، وہ بہت حساس طبیعت کی مالکن ہے اور جلد ہی اکساجاتی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے آپ کو بھی نقصان پہنچانے تک پہنچ گئی ۔ پولیس کے مطابق لڑکی زیابیطس کی مریضہ ہے اور اس نے کچھ کھانے پینے سے بھی انکار کردیا، اس کے والدین اسے مسلسل کھانے پر زور دے رہے ہیں جبکہ اس کے دادا جی نے ایک مرتبہ اسے کھانا نہ کھانے پر تھپڑبھی جڑدیا لیکن اس نے اسے مزید باغی بنادیا۔بزرگوں نے بھی اپنی اس حرکت پر پچھتاوے کا اظہار کیا اور بتایاکہ یہ زندگی میں صرف ایک مرتبہ ہوا۔
پولیس کے افسران نے لڑکی کے والدین سے بھی ملاقات کی اور ہدایت کی کہ رشید ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹر سے مشاورت کریں۔