وہاڑی: این اے 163 وہاڑی میں منفرد طرز کی دھاندلی دیکھنے میں آئی ہے جہاں آزاد امیدوار کے حامی نوجوان نے پی ٹی آئی کی حامی خواتین کے شناختی کارڈز اکٹھے کرلیے۔ نجی ٹی وی کے مطابق این اے 163 وہاڑی کے علاقے اڈہ کچی پکی میں آزاد امیدوار عارفہ نذیر جٹ کے کارندے زمان خان نامی نوجوان نے پی ٹی آئی کی سادہ لوح خواتین کو لالچ دے کر ان کے شناختی کارڈز اکٹھے کرلیے۔ شناختی کارڈ گزشتہ شب اکٹھے کیے گئے تاکہ یہ خواتین ووٹ کاسٹ نہ کرسکیں ۔خیال رہے کہ این اے 163 میں مسلم لیگ ن کی طرف سے سید ساجد مہدی سلیم شاہ اور پی ٹی آئی کی جانب سے اسحاق خاکوانی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ عارفہ نذیر جٹ کی بڑی بہن عائشہ نذیر جٹ این اے 162 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑ رہی ہیں۔