برلن: جرمنی کے عجائب گھر سے 100 کلوگرام خالص سونے کا سکہ چوری ہوگیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن دارالحکومت برلن میں واقع بین الاقوامی شہرت یافتہ عجائب گھر سے چوری ہونے والے سکے کا قُطر 53 سینٹی میٹر اور اس کی موٹائی 3 سینٹی میٹر یعنی ایک انچ سے زائد ہے جب کہ اس کا وزن ایک سو کلو گرام ہے۔ اپنے اندر استعمال ہونے والے انتہائی خالص سونے کی وجہ سے یہ سکہ گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہے۔ اس سکّے کی ایک جانب ملکہ الزبتھ کی شبیہ بنی ہوئی ہے جبکہ دوسری طرف مَیپل کا پتہ بنا ہوا ہے، جو کہ کینیڈا کا قومی نشان بھی ہے۔ اسی وجہ سے اسے’’بگ لیف‘‘ کہا جاتا ہے۔
2007 میں جاری ہونے والے بگ لیف کی قدر تو 10 لاکھ ڈالر ہے لیکن اس کی تیاری میں استعمال ہونے والے انتہائی خالص سونے کی وجہ سے اس کی اصل مالیت 40 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔ عجائب گھر کے ترجمان مارکُس فار کا کہنا ہے کہ یہ سکہ نمائش کے لیے ایک نجی ذخیرے سے ادھار لیا گیا تھا لیکن نامعلوم چور اسے گزشتہ رات چُرا لے گئے ہیں۔ برلن پولیس کے ترجمان اسٹیفان پیٹرسن نے میڈیا کو بتایا کہ اس واردات میں ایک سے زیادہ چورملوث تھے کیونکہ ایک شخص اتنا بھاری سکہ تنہا اٹھا ہی نہیں سکتا۔ چورایک سیڑھی کے ذریعے پیر کی صبح ساڑھے تین بجے کے قریب ایک کھڑکی کے راستے میوزیم میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔ میوزیم میں داخل ہونے کے بعد اُنہوں نے ایک الماری کے آگے لگے بلّٹ پروف شیشے کو توڑا اور پولیس کے آنے سے پہلے پہلے یہ سکّہ لے کر فرار ہوگئے۔ چوری کے لیے استعمال ہونے والی سیڑھی بعد ازاں قریبی ریلوے پٹڑی سے مل گئی ہے۔ واضح رہے کہ برلن کا بوڈے میوزیم دنیا کے ان چند عجائب گھروں میں سے ایک ہے جہاں انتہائی نادر و نایاب سکّوں کا وسیع ترین ذخیرہ موجود ہے۔