اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اقدامات شروع کر دئے تھے تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کی معاشی پالیسی کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملکی سرمایہ کاروں سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر اعتماد کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ملک بھر میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی وجہ پاکستان تحریک انصاف کی معاشی پالیسیوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اکتوبر میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 63 فیصد اضافے کے ساتھ 1395 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ جس کے بعد ایس ای سی پی میں رجسٹر کمپنیوں کی کُل تعداد 92 ہزار 109 ہو گئی ہے۔اعلامیہ کے مطابق نئی رجسٹر کی گئی کمپنیوں میں سے 65 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی۔ٹریڈنگ کے شعبے میں 213 اور تعمیرات کے شعبے میں 183 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کمپنیوں نے رجسٹریشن کروائی۔ نئی حکومت آنے کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان میں کمپنیاں لگانے اور سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا جو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کا موجودہ حکومت پر اظہار اعتماد ملکی معیشت بہتر کرنے میں مدد کرے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل آئی ایم ایف سے مالی تعاون کا کوئی پیکج نہ لینے کا اعلان کیا تھا لیکن اقتدار میںآنے کے بعد ملک کے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے آئی ایم ایف سے رجوع کا فیصلہ کیا ، اب تک پاکستان کے دو دوست ممالک نے پاکستان کی مالی امداد کی حامی بھر لی ہے جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہےکہ آئی ایم ایف سے کوئی بڑا پیکج نہیں لیا جائے گا۔