وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی جی پولیس کے معاملے پر کوئی تنازع نہیں، عدالت کا معاملہ تھا، وہیں سے فیصلہ آیا، عدالتی احکامات کے مطابق کام ہورہا ہے، انتظامی مسائل ہر جگہ ہوتے ہیں۔
قائداعظم محمد علی جناح کے 69 واں یوم وفات پر وزیر اعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی۔مراد علی شاہ کا مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ قائداعظم نے جس طرح کا ملک سوچا تھا ہمیں اس پرکام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کےخیالات پرسیاسی قائدین کوبھی چلناہوگا۔ قائد کےخواب کوشرمندہ تعبیر کرنا ہے، قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کر کے ملک کوامن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کا دن ملک کی تاریخ کا اہم دن ہے، آج بابائے قوم کی برسی ہے یہاں حاضری دینا ہم سب کافرض ہے، پاکستان بابائے قوم کے خواب پر پورا اترے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی کےلیے معاشی ترقی بہت اہم ہے۔