لندن(ویب ڈیسک) قومی ٹیم جمعے کو بنگلہ دیش کے خلاف اہم میچ کے لیے میدان میں اترے گی تاہم اس سے قبل پاکستانی کرکٹ شائقین نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کے خلاف میچ میں جیت کی دعائیں کریں گے تاکہ سرفراز الیون کا ورلڈ کپ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا سفر آسان ہوسکے۔گرین شرٹس کے لیے بری خبر یہ ہے کہ افغانستان کے خلاف میچ سے قبل اپنے دائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر کا شکار ہونے والے فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض بنگلہ دیش کے خلاف اس اہم میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے اور ان کی جگہ حسن علی یا محمد حسنین کو موقع دیا جانے کا امکان ہے۔ادھر ٹیم مینجمنٹ کو قومی ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی محمد حفیظ کی فارم کے حوالے سے بھی تشویش ہے جو اہم مواقع پر پارٹ ٹائم باﺅلر ز کے ہاتھوں آﺅٹ ہورہے ہیں اور وہ ذمہ داری لینے سے گریزاں ہیں جو38سالہ کھلاڑی کو لینی چاہیئے۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جائے گا اور ان کی جگہ شعیب ملک یا آصف علی وہ میچ کھیل سکتے ہیں،شعیب ملک کی رواں ورلڈ کپ میں فارم انتہائی ناقص ہے جب کہ وہ زیادہ باﺅلنگ بھی نہیں کررہے ہیں جس کے باعث آصف علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے،حارث سہیل کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں چھٹے باﺅلر کی ذمہ داریاں دی جاسکتی ہیں جب کہ آصف علی اپنی پاور ہٹنگ کے باعث قومی ٹیم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوسکتے ہیں،اگر آج نیوزی لینڈ نے انگلینڈ اور جمعے کو پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دیدی تو سرفراز الیون ورلڈ کپ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی