اسلام آباد: وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہاکہ احتساب عدالت کے احاطے میں کوئی ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی، ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
گزشتہ روز پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہاکہ آج احتساب عدالت میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیشی کے موقع پر جو واقع ہوااس حوالے سے میڈیا میں بہت غلط خبریں آئیں، دوسری سیاسی جماعتوں کی طرف سے بھی بے جاتنقید کی گئی، جھوٹ پر جھوٹ بولا جارہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ جوڈیشل کمپلیکس میںاحتساب عدالت کے علاوہ اور بھی کئی عدالتیں موجود ہیں، مختلف کیسز ایک وقت میں لگے ہوتے ہیں، وکلا ہر عدالت میں پیش ہوتے ہیں، وہاں آج صرف ایک کارروائی نہیں ہورہی تھی۔
طارق فضل چوہدری نے کہاکہ اس سے پہلے بھی کئی پیشیاںہوئیں، سیکیورٹی کی وجہ سے سڑکوں پر ناکے لگائے جاتے ہیں،آج بھی کشمیر روڈ کیساتھ ناکہ لگایا جس کے اوپر یہ واقعہ ہوا، عدالت سے بہت دور یہ واقعہ ہوا، دھکم پیل ہونے کی وجہ سے وکلا زخمی بھی ہوئے ۔انھوں نے کہا کہ ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوازشریف 19 تاریخ کو خود عدالت میںحاضر ہوں گے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ احتساب عدالت میں ہونے والے واقعہ کی وزارت داخلہ تحقیقات کرے گی اور آئندہ ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔
وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہاہے کہ احتساب عدالت میں ہونے والاواقعہ افسوسناک ہے۔ ہنگامہ آرائی میں کوئی سیاسی کارکن یارہنما ملوث نہیں جب کہ واقعے کی تحقیقات کاحکم دے دیا گیا ہے، سینیٹرمشاہد اللہ نے کہاکہ جو ہائی پروفائل کیسز ہوتے ہیں ان میں پہلے سے انتظامات کیے جاتے ہیں کہ ان میں یہ کچھ ہو سکتا ہے،ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ ہواہی نہیں تھا، یہ کوئی نہیں کہتاکہ جسٹس سجاد علی شاہ کیاکررہاتھاوہ حکومت پر قبضہ کرناچاہ رہاتھا۔