نواب شاہ ; گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام اٹھ چکے ہیں اور کرپٹ سیاستدانوں سے حساب لینا شروع کر دیا ہے ۔ 25 جولائی کو ملک بھر سے پیپلز پارٹی کا دیوالیہ نکل جائے گا۔ ہم نے عہدوں یا وزارتوں کے لیے نہیں
بلکہ پاکستان کی بہتری اور روشن مستقبل کے لیے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس بنایا ہے ۔ ملک کو لوٹنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ پہلے باپ اور پھوپھی نے ملک کو لوٹا اب بیٹے کو سامنے لایا گیا ہے ۔ آصف زرداری نے 110 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواب شاہ میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ہزاروں مرد و خواتین شریک تھے ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان کو چلنے نہیں دیا، اگر یہ حکمران مزید رہتے تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑتا۔ سندھ کے عوام آج بھی اپنے حقوق کے لیے دربدر پھر رہے ہیں۔ وہی غربت اور بدحالی ہے جو آج سے پچاس سال قبل تھی۔ تین تین مرتبہ باریاں لینے والوں نے پانی کے مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی ۔بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے چیف جسٹس سے بھرپور تعاون کریں گے ۔ سندھ کی بہتری کے لیے عوام جی ڈی اے کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ زرداری
کرپٹ مافیا کی پہچان ہیں، اس مافیا نے ملک خصوصاً سندھ میں کرپشن کی انتہا کر دی ہے ۔ سندھ کے عوام اٹھ چکے ہیں۔ 25 جولائی کو ملک بھر سے پیپلز پارٹی کا دیوالیہ نکل جائے گا۔عوام سے کہتا ہوں جو پیسے دینے آئے اس سے پیسے لے لو مگر ووٹ مت دینا۔ ایاز لطیف پلیجو نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ انتخابات میں ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ اب سندھ کی تقدیر بدلنے کی ذمہ داری عوام پر ہے کہ وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل کریں۔ صفدر عباسی اور ناہید خان نے کہا کہ زرداری نے ایک سو دس ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے ۔ سندھ میں اربوں روپے خرچ کرنے کا دعویٰ کرنے والے اپنے علاقوں میں جانے سے گھبراتے ہیں۔ سندھ کے غیور عوام نے ان سے حساب لینا شروع کر دیا ہے ۔ جی ڈی اے رہنما مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ سندھ کی گزشتہ حکومت نے نوکریاں لاکھوں کے عوض فروخت کیں،ٹھیکے بھاری کمیشن پر دیئے اور میرٹ کا جنازہ نکال دیا۔