’وہ خوش قسمت ہوتے ہیں جنہیں اپنے وطن کی محبت میں موت ملے” وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال
اسلام آباد: (اصغر علی مبارک) اسلام آباد پولیس لائنز میں انسداد دہشت گردی فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ”وہ خوش قسمت ہوتے ہیں جنہیں اپنے وطن کی محبت میں موت ملے”۔ احسن اقبال نے کہا کہ انہیں سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے اور ہم ان تمام شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو ڈیوٹی کے دوران جان سے گئے۔ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پولیس کے لیے ریکارڈ رقم مختص کی گئی ہے۔‘قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی انسداد دہشت گردی کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے نیشنل پولیس ہسپتال کے قیام کا بھی وعدہ کیا، جس پر تقریباً 2 ارب روپے لاگت آئے گی۔پولیس کی کارکردگی میں بہتری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ رواں سال اسلام آباد کی پہلی اینٹی رائٹ پولیس کا دستہ بھی پاس آؤٹ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ہر گاڑی اسمارٹ گاڑی ہو، تاکہ وہ جہاں بھی جائے اپنے ہیڈ آفس کے ساتھ یہ گاڑیاں رابطے میں ہوں۔احسن اقبال چند روز قبل ہی لاہور کے سروسز ہسپتال میں 9 روز زیر علاج رہنے کے بعد ڈسچارج ہوئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ’وہ خوش قسمت ہوتے ہیں جنہیں اپنے وطن کی محبت میں موت ملے۔‘وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کئی سال دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہوئے گزارے لیکن آج ہم نے بڑی حد تک دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کمر توڑ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ہم نہیں چاہتے آنے والی نسلوں کو ایسا پاکستان دے کر جائیں جس میں لوگ خوف میں زندہ رہیں، جبکہ جس شخص کی جیب میں پاکستان کا شناختی کارڈ ہے ہم اس سے نفرت نہیں کرسکتے۔