اسلام آباد: سینئر صحافی شاہین صہبائی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے نواز شریف کی رہائی کیلئے عمران خان کو 10 ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی ہے تاہم کپتان نے یہ آفر قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ٹوئٹر پر شاہین صہبائی نے لکھا ’ اسلام آباد میں انتہائی پریشان کن خبریں چل رہی ہیں کہ سعودی سفیر نے عمران خان کو آفر کی ہے کہ اگر وہ نواز شریف اور اس کے خاندان کو دوبارہ جدہ بھیجنے پر رضا مند ہوجائے تو سعودی عرب 10 ارب ڈالر دینے کو تیار ہے، بہت سے حلقے این آر او کی آوازوں کی وجہ سے پریشان ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ عمران خان نے واضح مگر مہذب انداز میں سعودی سفیر کی آفر مسترد کردی ہے‘۔ شاہین صہبائی نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ کوئی بھی ڈیل قبول نہ کریں اور چوری کا پیسہ واپس لے کر آئیں۔
واضح رہے کہ 27 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے سعودی سفیر نے ملاقات کی تھی۔