کراچی: کانگریس کے رہنما ششی تھرور کی جانب سےوزیر اعظم عمران خان کی تعریف میں ٹوئٹ کرنے پر بھارت میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ ششی تھارور نے عمران خان کی جانب سے میسور کے بادشاہ ٹیپو سلطان کو ان کے یوم وفات 4 مئی کو یاد رکھنے اور اس حوالے سے ٹوئٹ کرنے پر جس میں انہوں نے لکھا کہ ’میں ٹیپو سلطان کو پسند کرتا ہوں کیونکہ انہوں نے آزادی کو ترجیح دی اور غلامی کی زندگی بسر کرنے کے بجائے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے‘ ان کی تعریف کی اور کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ ایک پاکستانی رہنما نے بھارتی ہیرو کو یاد رکھا جس کے باعث بھارت میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ دوسری جانب کانگریسی رہنما اور بالی ووڈ اداکار شتروگن سنہا نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تعریف کرڈالی۔ انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں منعقدہ انتخابی ریلی کے دوران اداکار نے قائداعظم محمد علی جناح کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ مہاتما گاندھی سے لے کر سردار پٹیل تک اور محمد علی جناح سے لیکر جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی تک یہ وہی جماعت ہے جس نے خطے کی آزادی اور ترقی کیلئے کام کیا۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار شتروگن سنہا نے حال ہی میں نریندر مودی کی جماعت بی جے پی کو خیرباد کہہ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہیں۔