کراچی(ویب ڈیسک) شہر میں شدید بارش اور عیدالالضحیٰ کی تقریبات کے باوجودکراچی کے عوام نے ملک کے 72ویں یومِ آزادی پر 22 ارب روپے کی خریداری کا ریکارڈ قائم کردیا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جشن آزادی کی تقریبات یکم اگست سے ہی شروع کردی گئیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عوام نے جوش وجذبے کے ساتھ یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر منایا۔جاری اعلامیہ کے مطابق آ ل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے یومِ آزادی پر عوام کے جوش و خروش اور جذبہِ حب الوطنی کو بے مثال اور لازوال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں نے وطن، قوم، افواجِ پاکستان، آئی ایس آئی اور رینجرز سے، عقیدت،محبت اور اظہارِ یکجہتی کی نئی تاریخ رقم کردی ہے، بیشتر نوجوانوں نے عید پر نیا سوٹ سلوانے کے بجائے ملک سے اظہار یکجہتی کے طور پر سبز ہلالی پرچم کی ٹی شرٹس زیب تن کیں ۔عتیق میر نے کہا کہ 14اگست سے قبل ہی یوم آزادی کی تقریبات اور جشن کی گہما گہمی شروع ہوچکی تھی، شہر قومی پرچموں، برقی قمقموں، رنگین جھالروں اور جھنڈیوں سے شہر جگمگاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ شہر کے کئی مقامات پر شدید بارش اور گلیوں میں جمع پانی کے باوجود عوام نے جھنڈوں اور دیگر سامان کی خریداری کی، گلی گلی قومی پرچموں کی فروخت کے اسٹالز لگائے گئے تھے۔بازاروں میں جھنڈے، ٹی شرٹس، بیجز، کیپس، غبارے، چوڑیاں، ماسک، جھنڈیاں، کانوں کے بندے، بنیانیں، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کے سبز ہلالی ریڈی میڈ گارمنٹس، دوپٹے، ملّی نغموں کی سی ڈیز، آتشبازی کا سامان، فیس پینٹنگ ، بچوں کی عینکیں، کڑے اور دیگر اشیاء کی بھرپور خریداری کی گئی، آزادی کی خوشی میں رواں سال بھی ملّی نغموں پر مشتمل موسیقی کے پروگرامز اور قومی پرچم کشائی کی ہزاروںتقریبات منعقد کی گئیں،بسوں، رکشوں، ٹرکوں اور موٹر سائیکلوں پر جھنڈے لہرائے گئے ،بیشتر مقامات پر دعوتوں کا اہتمام، مٹھائی تقسیم اور آزادی کی سالگرہ کے کیک بھی کاٹے گئے۔ جبکہ دوسری جانب موجودہ صورتحال میں اپنی ہٹ دھرمیوں اور مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت ایک مرتبہ پھر جارحیت پر اُتر آیا ہے۔اس حوالے سے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ موجودہ صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے لائن آف کنٹرول پرفائرنگ میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔بھارتی فوج کی فائرنگ سے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نےبتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے پانچ اہلکار ہلاک ہوئے۔ واضح رہے کہ بھارت کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ میں غیر معمولی اضافہ اس وقت سامنے آیا جب مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری توجہ دے رہی ہے جبکہ آج ہی اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے جو کل ہو گا۔اس سے قبل بھارت کی گھناؤنی سازش کی خبریں بھی موصول ہوئی تھیں جن کے مطابق بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ظلم سے عالمی توجہ ہٹانے کی سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ جارحیت پسند بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اب نئے ڈرامے کی تیاری کر لی ہے۔ جس کے تحت بھارتی فوج نے اپنے ہی علاقے میں جعلی کارروائی کی منصوبہ بندی کر لی۔ اس حوالے سے مقبوضہ علاقے میں پاکستانی جھنڈا لگا کر جعلی جھڑپ کی تیاری کر لی گئی ہے۔بھارت کے گھناؤنی منصوبہ بندی کے مطابق اس جعلی کارروائی کو بعد میں لائن آف کنٹرول کے اُس پار آپریشن قرار دیا جائے گا۔ یہ بھی اطلاع ہے کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر خود ساختہ جھڑپ کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم جاری رکھے اور کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دئے جس پر پاکستان نے عالمی برادری کی توجہ اس مسئلے کی جانب بارہا مبذول کروائی تھی۔