لاہور(ویب ڈیسک) سابق وزیر بلدیات علیم خان اور وزیر جنگلات سبطین خان کی کابینہ میں واپسی کا امکان ہے۔ ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پنجاب کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے رواں ہفتہ اہم ہے اور اس سلسلے میں بڑے فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ علیم خان کی
کابینہ میں واپسی کا فیصلہ ہوچکا اور انہیں بلدیات اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا محکمہ دیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سبطین خان کی بھی واپسی کی صورت میں انہیں جنگلات کی وزارت واپس دے دی جائے گی جبکہ اسد کھوکھر کو کون سی وزارت دینی ہے اس کا فیصلہ آج ہوگا۔ذرائع کے مطابق اسد کھوکھر کو وزارت اطلاعات کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے معذرت کرلی اور وہ جنگلات کی وزارت لینے کے خواہاں ہیں۔اسد کھوکھر نے دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں جنگلات کی وزارت کی خواہش کی اظہار کیا تھا۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کابینہ سے متعلق اہم فیصلے ایک سے دو روز میں کرلیں گے۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ میں ممکنہ ردوبدل اور توسیع کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلی محمود خان کو خود فیصلہ کرنے اختیار دے دیا۔وزیراعلی ہاس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ جو بھی تبدیلی کرنی ہے وہ میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پرکی جائے۔ذرائع نے بتایا کہ چار وزرا کے محکموں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم کسی کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔بتایا جارہا ہے کہ وزیر صحت ہشام انعام، وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد اور وزیر مواصلات اکبر ایوب کے محکمے تبدیل ہوں گے جبکہ مشیر تعلیم ضیا اللہ بنگش کو بھی متبادل محکمہ دیاجا سکتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کو ہائر ایجوکیشن، وزیر خزانہ تیمور سلیم کو تعلیم کے اضافی محکمے حوالہ کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔کابینہ میں قبائلی اراکین صوبائی اسمبلی اور خواتین کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔وزیراعلی محمود خان نے پی ٹی آئی کے قریبی ساتھیوں سے اس حوالے سے مشاورت شروع کردی ہے جبکہ ردوبدل اور توسیع کا اعلان وزیراعظم کی امریکہ سے واپسی پر متوقع ہے۔