بولی وڈ اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی فلم ’دھڑک‘ کے ساتھ ہندی سینما میں ڈیبیو کیا، تاہم کیریئر کے آغاز سے ہی ان کا مقابلہ اپنی عمر کی حریف اداکاراؤں سے کرنا شروع کردیا گیا ہے۔
اپنی فلم ’دھڑک‘ کی پروموشنز کے دوران جھانوی کپور سے ان کی فلم کے حوالے سے نہیں بلکہ اداکاراؤں سے مقابلے پر سب سے زیادہ سوالات کیے۔
یاد رہے کہ آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور سیف علی خان کی بیٹی سارا خان دونوں ہی رواں سال اپنی پہلی فلموں میں کام کرتی نظر آئیں گی۔
اور بولی وڈ میں قدم رکھتے ہی ان دونوں سے ایک دوسرے کے ساتھ مقابلے کی رپورٹس سامنے آنا شروع ہوگئیں۔
اپنی فلم ’دھڑک‘ کی تشہیر کے دوران جھانوی کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’گزشتہ ایک ماہ سے، مجھ سے اداکاراؤں کے ساتھ مقابلے کے حوالے سے بہت سوال پوچھے گئے، مجھے یہ عجیب لگا، کیوں کہ ایشان (ساتھی اداکار) سے تو کسی نے یہ سواک نہیں کیا، میرا خیال ہے یہ سب صرف اس لیے کیوں کہ میں ایک لڑکی ہوں‘۔
جھانوی کا ماننا ہے کہ ہمیشہ خواتین کا دوسری خواتین سے مقابلہ کیا جاتا ہے تاہم اس بات کو ختم ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دکھ کی بات ہے کہ ایسا سمجھا جاتا ہے کہ دو میں سے ہمیشہ ایک ہی اداکارہ کامیاب ہوگی، ہم اس قابل ہیں کہ ایک دوسرے کے لیے خوش ہوسکیں، سوسائٹی میں لڑکیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہنا سکھانا چاہیے، نہ کہ ان کے ذہن میں ایسی باتیں ڈالی جائیں‘۔
21 سالہ جھانوی کپور کے مطابق وہ اپنے ساتھ ساتھ نئے آنے والے ٹیلنٹ کو دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
یاد رہے کہ جھانوی کی فلم ’دھڑک‘ آج دنیا بھر کے سینما میں ریلیز کردی گئی۔