پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے انگلینڈ کے کھلاڑیوں لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے لاہور میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 2017 کے پہلے پلے آف میچ میں پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لیگ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔
مزید پڑھیں:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے فائنل میں
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے فائنل میں شرکت نہ کرنے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔
گذشتہ روز میچ جیتنے کے بعد لیوک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا، ‘ابھی تک یقین نہیں آرہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیت گئی’۔
لیوک نے اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ٹورنامنٹ بہت شاندار تھا جس میں بے پناہ ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا۔
انگلینڈ کے کھلاڑی ٹائمل مل نے بھی فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا عندیہ دیا اور لکھا کہ وہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں شریک نہیں ہوسکیں گے لیکن گھر پر بیٹھ کر میچ دیکھیں گے، ساتھ ہی انھوں نے اپنی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار نے بھی ڈان نیوز کو تصدیق کی کہ غیر ملکی کمنٹیٹرز ای این بشپ اور ڈینی موریسن نے بھی فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد پی سی بی نے وقار یونس کو کمنٹری کو بلوایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سن سیٹ اینڈ وائن پی ایس ایل فائنل کے نشریاتی حقوق سے دستبردار
گذشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق کی حامل برطانوی کمپنی سن سیٹ اینڈ وائن لاہور میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل کے نشریاتی حقوق سے دستبردار ہو گئی تھی، جس کے بعد دبئی کی پروڈکشن کمپنی انوویٹو پروڈکشن گروپ سے فائنل کے لیے خصوصی معاہدہ کرلیا گیا۔یاد رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایونٹ کا فائنل لاہور میں منعقد ہوتا نظر نہیں آ رہا تھا لیکن 27 فروری کو اہم اجلاس کے بعد حکومت پنجاب نے فائنل کا انعقاد لاہور میں کرانے کا حتمی اعلان کیا تھا۔