نئی دہلی: کانپورمیں ایک شہری کے انوکھے احتجاج پراسے جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل کربغاوت کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ کے مطابق کانپور کے علاقے سیسا ماؤ سے تعلق رکھنے والا چھتیس سالہ چندرپال سنگھ بجلی اور پانی کے زائد بل سے حد درجے پریشان تھا۔ کہیں شنوائی نہ ہوئی تو بیچارے چندرپال نے حکومت کے خلاف احتجاج کا انوکھا ہی طریقہ سوچا اور اپنے گھرکی چھت پر پاکستانی پرچم لہرادیا۔
پریشان حال چندر پال نے توگھر کی چھت پر پاکستانی پرچم لہرا کر بھارتی حکومت کیخلاف منفرد احتجاج ریکارڈ کرادیا لیکن ہندو انتہا پسندوں کی حب الوطنی ایسے ہی مواقع پر انگڑائیاں لیکر بیدار ہوتی ہے۔اس اقدام پر غریب شہری کے گھر کے باہروشوا ہندو پریشاد اور بجرنگ دل کے کارکنوں نے احتجاج کیا جس کے بعد مقامی پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چندرپال کو دھرلیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او سیساماؤ پولیس اسٹیشن دھرمیندر سنگھ نے بتایا کہ چندرپال کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 124 اے (بغاوت) اور 153(اشتعال انگیزی پھیلانے) کے تحت مقدمہ درج کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے،جبکہ چندرپال کا موقف ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے چکر لگا لگاکر تھک گیا تھا مگرکہیں بھی اس کی شکایت پرکوئی کارروائی نہیں کی جا رہی تھی، اس لیے اس نے احتجاجا ایسا کیا۔
واضح رہے کہ گھر پرپاکستانی یا بھارتی پرچم لہرانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں، کچھ عرصہ قبل پاکستان میں بھی اوکاڑہ کے رہائشی نوجوان نے گھر پر بھارتی پرچم لہرایا تھا۔ بعد میں گرفتاری پر اس نوجوان کا موقف تھا کہ وہ بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی کا بہت بڑا مداح ہے اس لیے ایسا کیا تھا۔