کھاریاں(نیئر صدیقی سے) ٹی ایم اے کھاریاں کی طرف سے ڈینگی مکاؤ مہم کے سلسلہ میں ٹی ایم اے ہال سے گلیانہ روڈ تک ڈینگی مکاؤ ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں میاں اقبال مظہر نے کی جبکہ ن لیگ کے رہنما خان محمد اسلم، عبدالقیوم بھٹی، ڈاکٹر سید علی محمد، حاجی جاوید بٹ سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں ، کارکنان اور سرکاری سکولوں کے بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اے سی کھاریاں میاں اقبال مظہر اور دیگر مقررین نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ اپنے گردو نواح کی صفائی کا خیال رکھ کر ہم اس جان لیوا مرض سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی کے خاتمہ کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے قابل تحسین قرار دیا ۔