نہال ہاشمی استعفے کی تصدیق کیلئے چیئرمین سینیٹ کے سامنے پیش نہیں ہوئے ،چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے استعفیٰ کی تصدیق کے لیے نہال ہاشمی کو بلا یاتھا۔
ذرائع کے مطابق نہال ہاشمی نےفی الحال سینیٹ رکنیت سےاستعفا نہ دینےکافیصلہ کیا ہے،وہ فوجداری مقدمات سےبچنےکیلئے فی الحال استعفیٰ نہیں دےرہے۔ کیس کا فیصلہ آنےتک نہال ہاشمی نے استعفیٰ التواءمیں رکھنے کا فیصلہ کیا ہےاوراستعفےکی تصدیق کیلئے پیش نہ ہوناحکمت عملی کاحصہ ہے ۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سینیٹر نہال ہاشمی کو ان کے استعفیٰ کی تصدیق کے لیے آج 10 بجے ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا،تاہم ان کے نہ آنے پرچیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے استعفیٰ کی تصدیق کےلئے نہال ہاشمی کو بدھ کے روز بلا لیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ کاموقف ہے کہ وہ اس وقت تک کسی رکن کے استعفیٰ کو درست نہیں مانیں گے جب تک وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اس کی تصدیق نہ کردے۔ چیئرمین سینیٹ نے رولنگ دی ہے کہ جب تک وہ خود آکر استعفیٰ کی تصدیق نہیں کریں گے اسے قبول نہیں کیاجائے گا۔ سینیٹر نہال ہاشمی کے 28 مئی کے متنازع خطاب کی وڈیومنظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے انہیں سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دینے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد اسی روز انہوں نے اپنا استعفیٰ سینیٹ سیکر ٹیریٹ میں جمع کرا دیا تھا۔