پیرس۔ فرانس میں پاکستان کے نئے تعینات ہونے والے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنا اور پاکستان کے حوالے سے دنیا میں موجود منفی پراپیگنڈہ کو زائل کرنا ہے۔ وہ بھرپور کوشش کریں گے کہ فرانسیسی صدر یا وزیراعظم جلد از جلد پاکستان کا دورہ کریں۔ فرانس اور پاکستان کے تاریخی، دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں جنہیں مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے عوامی سطح کے رابطوں کو فروغ دیں گے۔ گزشتہ روز پاکستانی سفارتخانے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سفیر پاکستان معین الحق نے کہا کہ فرانس دنیا کے انتہائی اہم ممالک میں شمار ہوتا ہے جو نہ صرف یورپ کا بانی رکن ہے بلکہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا مستقل ممبر بھی ہے۔ دنیا کی چھٹی بڑی جوہری طاقت ہے فرانس پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے۔ پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات میں تجارت، ثقافت، دفاع سمیت تمام شعبوں کو مزید ترقی دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے۔ 60 ہزار سے زائد افراد دہشتگردانہ کارروائیوں کی وجہ سے اپنی قیمتی جانیں کھو بیٹھے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلح افواج نے ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جو کامیابی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی 40 کے قریب کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔ جبکہ 400 کے قریب دو طرفہ تجارت کر رہی ہیں۔ ان کی کوشش ہوگی کہ فرانس سے توانائی کے معاہدے کئے جائیں تاکہ پاکستان سے توانائی کا بحران ختم ہو۔ حکومتی کوششوں سے توانائی کے شعبہ میں کافی منصوبے لگائے گئے ہیں جن کی تکمیل سے تقریباً 8 سے 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت کا حجم 1.5 بلین ڈالرہے جسے مزید بڑھایا جائے گا۔ اسی طرح دفاع کے شعبہ میں فرانس کے ساتھ پاکستان کا دیرینہ تعلق ہے۔ میراج طیاروں سے لے کر آبدوزوں کی تیاری تک فرانس نے پاکستان کو دفاعی اعتبار سے مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دفاعی شعبہ میں مزید معاہدے کرنے کا خواہاں ہے۔ اسی طرح آٹو انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بات چیت کی جائے گی۔ پاکستان میں فرانس کے تعاون سے اعلی معیاری یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ جبکہ پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کو فرانس مدعو کیا جائے گا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ سفارتخانہ میں مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ذرائع ابلاع کے نمائندوں سے پاکستانی سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان کے حوالے سے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔