اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں خارجہ پالیسی اور سیکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا جس میں خارجہ پالیسی میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی طے گئی۔
یس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں خارجہ پالیسی کے خدوخال، ملکی سلامتی اور داخلی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات، خطے کی صورتحال نئی خارجہ پالیسی کے تحت مستقبل کے روڈ میپ پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے مفید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام ہمسایوں کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں۔