لاہور: قومی کرکٹرز کی فٹنس آزمانے کا سلسلہ 22اگست سے شروع ہوگا۔
قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کیلیے ڈرافٹ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی جیت کر پاکستان کرکٹ کو نئی سمت اور کرکٹرز کو نیا حوصلہ ملا، نوجوان کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں سرگرم پلیئرز کو بھی امید دلائی کہ وہ قومی ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں، بلاشبہ گرین شرٹس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم نمبر ون ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی ٹیمیں اور کھلاڑی گزشتہ فتح کو ماضی سمجھ کر اگلے چیلنج کی بھرپور تیاری کرتے ہیں، گرین شرٹس کو بھی سخت محنت جاری رکھنا ہے۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ انڈر 13سے سینئرز تک فٹنس کلچر بنانے کیلیے کام کررہے ہیں، بیرون ملک قومی کرکٹرز کو واپس بلارہے ہیں،22سے 24اگست تک فٹنس ٹیسٹ ہوںگے، قومی ٹوئنٹی 20ٹورنامنٹ کی ٹیموں میں شامل تمام اسٹار کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ایونٹ ختم ہوا تو ورلڈ الیون سے ممکنہ ہوم سیریز اور سری لنکا کیخلاف یواے ای میں میچزکیلیے تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ ایک سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں نوجوان کرکٹرز کی عمدہ کارکردگی نے پہلے سے پول میں موجود کرکٹرز کو چیلنج دے دیا،نئے ٹیلنٹ کا انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم جمانا مستقبل کیلیے امیدوں کے امکانات روشن کررہا ہے، بہتری کا یہ سفر چلتا رہا تو کارکردگی میں تسلسل آتا جائے گا۔