نئی دہلی ……دہلی حکومت نے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان، گووندا، اجے دیوگن اور ارباز خان کی بیگمات کو خطوط جاری کئے ہیں جس میں ان اداکاروں سےپان مصالحہ اور تمباکو کی تشہیر یا ان پروڈکٹس کے کمرشلز میں حصہ نہ لینے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے اس سے پہلے بھی دہلی حکومت کی جانب سے ان اسٹارز کو خطوط جاری کئے گئے تھے لیکن اب تک کوئی رد عمل نہ آنے پر اس بار حکومت نے ان کی بیگمات کو خطوط جاری کیے ہیں۔دہلی حکومت کے مطابق ان پروڈکٹس میں ایسے اجزاء کا استعمال ہوتا ہے جن سے کینسر جیسی مہلک بیماری میں مبتلا ہونے کے خطرات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان بالی ووڈ اداکاروں کو پان مصالحہ کی تشہیر نہ کرنے کی اپیل کی ہے کیونکہ اکثر اوقات نوجوان اپنے من پسند فلمی ستاروں کو رول ماڈل تصور کرکے ان کے لائف اسٹائل کو اپناتے ہوئے ایسی مضرصحت پروڈکٹس کا استعمال شروع کردیتے ہیں۔