کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی فلم ’’ورنہ‘‘کو نمائش کی اجازت ملنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مجھے پتہ چلا کہ فنکار کتنے طاقتور ہوتے ہیں اور طاقت کے اس کھیل میں جیت ہمیشہ ہماری ہوگی۔
سنسر بورڈ کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی، بے تحاشہ رکاوٹوں اور بے جاتنقید کے باوجود بالآخر ہدایت کار شعیب منصور اور ماہرہ خان کی فلم’ورنہ‘کو نمائش کی اجازت مل گئی۔ فلم کی ریلیز سے صرف دو روز پہلے سنسر بورڈ کی جانب سے لگائی جانےوالی پابندی کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ فلم کی ریلیز موخر ہوجائے گی اور ماہرہ خان کے پرستاروں کو فلم دیکھنے کے لیے انتظار کے طویل مرحلے سے گزرنا پڑے گا لیکن جیت طاقت کی نہیں بلکہ فنکاروں کی ہوئی۔ سنسر بورڈ ذرائع کا کہنا تھا کہ فلم کو زیادتی جیسے بولڈ موضوع اورقابل اعتراض ڈائیلاگز کے باعث روکا گیا تھا جب کہ فلم میں خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والے شخص کو گورنر کا بیٹا دکھایا گیا تھا جس کے باعث فلم پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ سنسر بورڈ کے اس جواز سے لوگ حیرت زدہ رہ گئے تھے یہاں تک کہ بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے بھی فلم پرپابندی کے خلاف اپنے ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ افسوس کی بات ہے کچھ لوگ سینما کی طاقت کو نہیں سمجھتے۔
سنسر بورڈ کے اس اقدام پر جہاں لوگوں نے ماہرہ خان اور فلم کی کھل کر حمایت کی تھی وہیں شوبز سے تعلقات رکھنے والے دیگر فنکار بھی ماہرہ کی حمایت میں نکل کھڑے ہوئے تھے۔ بالآخرسنسر بورڈ کو فلم کو نمائش کی اجازت دینی ہی پڑی۔ ریلیز کی اجازت ملنے کے بعد ماہرہ خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آج مجھے یقین ہوا کہ فنکار کتنے طاقتور ہوتے ہیں، وہ لوگ نہیں جو طاقت رکھتے ہیں بلکہ ہم لوگ طاقتور ہیں۔ ورنہ یہ کیوں پابندی لگاتے؟ ہماری فلم سےانہیں کیا خطرہ ہے؟ پاوراور طاقت کےاس کھیل میں جیت ہمیشہ ہماری ہوگی۔ آرٹ، محبت اورسچ کی جیت‘‘۔
ایک اور ٹوئٹ میں ماہرہ خان نے میڈیا اور سنسر بورڈ ارکان سمیت ان تمام لوگوں کا شکریہ اداکیا جوفلم’ورنہ‘کے ساتھ کھڑے رہے۔جب کہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب میں بھی فلم کو نمائش کی اجازت دے دی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ریلیز ہونے والی فلم ’ورنہ‘میں ماہرہ خان اور ہارون شاہد مرکزی کردار نبھارہے ہیں۔ جب کہ دیگر کاسٹ میں ضرار احمد، نیمل خاور اور رشید ناز شامل ہیں۔