راولپنڈی(ویب ڈیسک) یوم دفاع کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شہید سب انسپکٹر میاں عباس کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پنجاب پولیس کے
شہید سب انسپکٹر میاں عباس کی سول لائنز میں موجود رہائشگاہ پر ان کے لواحقین سے ملاقات کی، فاتحہ پڑھی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہماری زندگیاں وطن کیلئے وقف ہیں، اپنی جان قربان کرنے سے بڑی کوئی قربانی نہیں۔ قوم کیلئے شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔واضح رہے کہ سب انسپکٹرمحمد عباس 1990 میں افغانی اغوا کار گروپ کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہوئے تھے۔ سوگواران میں اہلیہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس سےقبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے یومِ دفاع و شہدا پر جاری بیان میں کہا ہےکہ عظیم قومیں اپنے شہدا کو کبھی نہیں بھولتیں۔یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ آج یوم دفاع وشہدا ہے،آئیے اپنے شہدا کے گھروں پر جائیں، آئیے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کریں، وطن کے لیے شہدا کی عظیم قربانیوں پر ان کا شکریہ ادا کریں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عظیم قومیں اپنے شہدا کو کبھی نہیں بھولتیں اور ہم عظیم قوم ہیں۔(م،ش)