راولپنڈی: ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں آج سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے فروخت کنندہ اور خریدار کی بائیو میٹرک تصدیق کا نیا نظام نافذ کردیا جائے گا۔
محکمہ ایکسائز ،ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول پنجاب کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ گاڑیوں کی ملکیت کے عمل میں جعلسازی اور التواءکے روک تھام کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت کی جانب سے نئے نظام کا اطلاق یکم جون 2018سے ہونا تھا تاہم تین یوم کی تاخیر کے بعد یہ نیا نظام (آج) 04 جون سے لاگو ہوگا جس کے تحت گاڑی ٹرانسفر کروانے کے لیے فروخت کنندہ اور خریدار کی ازخود ای ٹی اوکے سامنے پیش ہو کر موقع پر بائیومیٹرک تصدیق کو لازم قرار دیا گیا ہے او ر خبردار کیاہے کہ 03 جون کے بعد ٹرانسفر ڈیڈ کی بنیاد پر گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی کا پرانا طریقہ کار متروک ہوچکا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ مروجہ طریقہ کار کے تحت ٹرانسفر ڈیڈ کے ذریعے گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی صرف 31 مئی تک ممکن تھی تاہم (آج) پیر سے نئے نظام کے اطلاق کے بعد پرانا طریقہ کار ازخود ختم ہوجائے گا۔ ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ابتدائی طور گاڑیوں کی ٹرانسفر کے موقع پر بائیو میٹرک لازمی ہوگی جبکہ دوسرے مرحلہ میں اس نظام کا اطلاق نئی کار رجسٹریشن کے موقع پر بھی ہوگا۔