کراچی سبزی منڈی میں سپلائی متاثر ہونے پر ٹماٹر پھر مہنگا ہو گیا ۔ ہول سیل میں ٹماٹر 46روپے مہنگا ہو کر 146روپے فی کلو تک جا پہنچا جبکہ شہر کے مختلف بازاروں میں فی کلو ٹماٹر 160 روپے فروخت ہونے لگا۔
کراچی سبزی مارکیٹ کمیٹی کے مطابق دو روز کی بندش کے سبب ایران سے ٹماٹر کی سپلائی ایک بار پھر متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے ہول سیل میں ٹماٹر کی 15 کلو پیٹی 700روپے مہنگی ہوگئی۔ ٹماٹر کی پیٹی کی قیمت 1500 سے بڑھ کر 2200روپے تک جاپہنچی ہے، جس سے ہول سیل میں ہی فی کلو ٹماٹر 46روپے مہنگا ہوکر 146روپے تک جا پہنچا۔ سبزی فروشوں کے مطابق سبزی منڈی میں ٹماٹرمہنگا ہونے کے بعد کراچی کے مختلف بازاروں میں بھی ٹماٹر 120روپے سے بڑھ کر 160روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے۔