اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جلسہ لاہور کا ، مجمع پشاور کا اور ایجنڈا کسی اور کا تھا۔
احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت اور چین آپس میں دوستی کررہے ہیں لیکن افسوس کہ ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، مجھے اقامے پر نا اہل کیا گیا جب کہ ججوں نے خواجہ آصف کو بھاری دل سے نااہل کیا، مجھے خوشی ہے کہ میرے دل پر کوئی بوجھ نہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں جو کیا وہ دنیا کو پتہ چل گیا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پر کام کیا، ہمیں کام کرنے دیا جاتا تو نیا پاکستان بن جاتا، پنجاب کے مقابلے میں سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان دیکھیں تو دور تک کوئی موازنہ نظر نہیں آتا۔ گزشتہ روز لاہور میں مینار پاکستان پر تحریک انصاف کے جلسہ کے حوالے سے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جلسہ لاہور کا ، مجمع پشاور کا اور ایجنڈا کسی اور کا تھا، یہ عمران خان کی اصولی سیاست کی منہ بولتی تصویر ہے۔