ناگپور……دُنیائے کرکٹ کی دس بہترین ٹیمیں کل سے ٹی ٹوئنٹی کی عالمی کپ کے حصول کیلئے جنگ کا آغازکریں گی ، افتتاحی میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔
بیس دن کے لیے شائقین کرکٹ کی نظریں بھارتی شہروں پرہوں گی جہاں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سُپر ٹین مرحلہ شروع ہورہا ہے۔اس عالمی جنگ میں ٹیمیں دو گروپوں میں تقسیم کی گئی ہیں، گروپ ون میں جنوبی افریقا، سری لنکا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور افغانستان ہیںجبکہ گروپ ٹو میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ، بھارت اور بنگلادیش شامل ہیں ۔افتتاحی روز واحد میچ میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ناگپور میں پاکستان وقت کے مطابق شام سات بجے ہوگا۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں ا ب تک چار مرتبہ سامنے آئی ہیں اور چاروں مرتبہ کیویز نے میدان مارا ہے، بھارتی ٹیم زبردست فارم میں ہے،اسی ماہ ٹی ٹوئنٹی کا ایشیا کپ بھی جیت چکی ہے، دیکھنا ہوگا کہ وہ حریف ٹیم کے خلاف اس فارمیٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرتی ہے یا نہیں۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی کم نہیں، حال ہی میں پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں زیر کیا ہے ،دونوں ہی ٹیموں کوٹائٹل کے لیے بھی فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ایونٹ میں پاکستان اپنی مہم کا آغاز بدھ سولہ مارچ کو بنگلادیش کے خلاف میچ سے کرے گا ۔