تحریک انصاف نے ٹی او آرز پر اپوزیشن جماعتوں سے منگل کو مزید مشاورت کرنے اور عید کے بعد پاناما لیکس کے حوالےسے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان نے رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ کارکنوں کو سڑکوں پر لانے کے لئے تیاری کریں۔
اسلام آباد: (یس اُردو) عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بنی گالہ میں ہوا۔ اجلاس میں پاناما لیکس پر کارکنوں کو متحرک کرنے اور عید کے بعد آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تحریک انصاف نے منگل کو اپوزیشن جماعتوں سے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے حتمی بائیکاٹ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ عمران خان سے شاہ محمود قریشی نے بھی ملاقات کی اور انہیں ٹی او آرز کمیٹی میں ڈیڈ لاک پر بریفنگ دی۔ شاہ محمود نے کہا کہ حکومت پاناما لیکس کی شفاف تحقیقات نہیں چاہتی دیگر جماعتوں کو اپنے مؤقف پر قائل کرنے کی کوشش کرینگے۔ دریں اثناء ٹی او آرز کی تشکیل کیلئے قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی میں شامل اپوزیشن جماعتوں نے اپنی اپنی قیادت سے رہنمائی مانگ لی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اب اجلاس میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ اعتزاز احسن کہتے ہیں کہ اپوزیشن اجلاس میں لائحہ عمل طے کریں گے۔