پاک افغان سرحد پر کشیدگی برقرار ہے، طور خم گیٹ آج بھی بند رہا، دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں، سرحد عبور کرنے کیلئے آنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی پھنسی ہوئی ہے، افغان حکومت اپنی ہٹ دھرمی چھپانے کیلئے الٹا شور مچانے لگی۔
طورخم: (یس اُردو) طور خم میں گیٹ کی تعمیر پر کشیدگی تیسرے دن بھی برقرار رہی۔ فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے باوجود پاک افغان سرحد پر صورتحال کشیدہ ہے۔ طور خم گیٹ آج بھی آمد و رفت کے لئے بند رہا۔ سرحد کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ سرحد عبور کرنے والے افراد بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ کشیدگی کے پیش نظر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔طور خم بارڈر پر سکیورٹی بھی ہائی الرٹ ہے۔ سرحد کی قریبی آبادیوں میں بھی خوف و ہراس کی فضاء برقرار ہے۔ ادھر کشیدگی کی بنیاد رکھنے کے بعد افغانستان خود ہی صورتحال پر شور بھی مچانے لگا ہے۔ افغان فورسز نے فائرنگ خود کی لیکن احتجاج کیلئے پاکستانی سفیر کو دفتر خارجہ بلوا لیا گیا۔طور خم بارڈر پر تیسرے روز بھی افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق، افغان فورسز کی فائرنگ سے آج مزید 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔