ٹورنٹو ایئر پورٹ پر تیل بھرنے والی گاڑی لاہور آ نے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 798 کے انجن سے ٹکرا گئی، پی آئی اے کے مطابق پرواز کی روانگی میں 16 گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے۔
ترجمان پی آئی اےمشہود تاجور کے مطابق ٹورنٹو ایئر پورٹ پر تیل بھرنے والی گاڑی پی آئی اے کی پرواز پی کے 798 کے انجن سے تیل کی فراہمی کے دوران ٹکرائی، پرواز پی کے 798 نے ٹورنٹو سے لاہور آنا تھا۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق گاڑی ٹکرانے سے طیارے کو نقصان پہنچا اور اسے ضروری مرمت کے لئے ہینگر میں پہنچا دیا گیا ہے۔ پرواز کی روانگی میں 16گھنٹے کی تاخیر متوقع ہے جس کے باعث تمام مسافروں کو ہوٹل میں رہائش فراہم کردی گئی ہے۔ پی کے 798 اب ٹورنٹو سے پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 9 بجے روانہ ہو گی۔ گاڑی ٹکرانے کے واقعہ کے متعلق ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو سروس فراہم کرنی والی کمپنی کو آگاہ کردیا گیا ہے اور اس واقعہ کے متعلق مقامی کمپنی سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اس زحمت اور تاخیر پر مسافروں سے معذرت خواہ ہے۔