پشاور کے تھانہ پھندو میں تحریک انصاف کے کارکن پر تشدد کے الزام میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور اور ان کے سیکیورٹی گارڈز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اخوند آباد میں پیش آیا، جہاں ہارون بلور کے سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے اورنگزیب نامی شخص کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
جس پر ہارون بلور اور اس کے 6سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہارون بلور کی مدعیت میں تحریک انصاف کے کارکن کے خلاف بھی ایف ائی آر درج کرائی گئی ہے۔
جیو نیوز سے بات چیت میں ہارون بلور کا کہنا تھا کہ اخوند آباد میں نماز جنازہ کے بعد اورنگزیب نامی شخص نے ان پر پستول تانا، تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی گارڈز نے اورنگزیب کو دبوچ کر انہیں بچایا۔ ہارون بلور کا کہنا تھا کہ وہ اورنگزیب کو پہلے سے نہیں جانتے تھے، بعد میں پتا چلا پی ٹی ائی کا کارکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ایم پی اے اور ضلع ناظم نے پولیس پر دباو ڈال کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔