کولمبو: سری لنکا اور بھارت کے درمیان واحد ٹوئنٹی 20 میچ میں ’ٹاس فکسنگ‘ کا انکشاف ہوا ہے۔
کنڈیشنز کے لحاظ سے ٹاس کی اپنی ایک اہمیت ہوتی ہے،خاص طور پر ٹوئنٹی 20 میچز میں اکثر ٹیمیں ٹاس جیتنے پر بعد میں بیٹنگ کا فیصلہ کرتی ہیں۔ بدھ کو سری لنکا کو اس بات پر افسوس ہوا ہوگا کہ اس نے ٹاس نہیں جیتا جبکہ کوہلی نے بعد میں بیٹنگ کو ترجیح دیتے ہوئے مقابلہ جیت لیا، مگر اس مقابلے میں ٹاس فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے۔
اس انکشاف کے مطابق میچ پریزینٹر اور سابق بھارتی اسپنر مرلی کارتھک نے پہلے دونوں کپتانوں اور میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کا تعارف کرایا، تھارنگا نے سکہ اچھالا اور کوہلی نے ’ہیڈز‘ کی آواز لگائی، جب سکہ نیچے گرا تو پائی کرافٹ اس کے قریب گئے اور ان کو یہ کہتے ہوئے صاف سنا گیا کہ ’ٹیلز، انڈیا‘ مگر کارتھک نے فوراً مائیک پر کہا کہ یہ ہیڈز ہے اور پھر ویرات کوہلی کو بلا کر ان سے بات کرنے لگے۔ سکے کی ٹیلز اوپر تھی تو پھر میزبان ٹیم سائیڈ کو ٹاس فاتح قرار دینا چاہیے تھا، تاہم مرلی نے کوہلی سے پوچھا کہ وہ بیٹنگ کریں گے یا پھر فیلڈ سنبھالیں گے جس پر بھارتی قائد نے پہلے سری لنکا کو کھیلنے کی دعوت دی،ان کا کہنا تھا کہ یہ اچھا ٹریک دکھائی دے رہا ہے، ہم اس پر پہلے بولنگ کریں گے، ہم ہدف کا تعاقب کرنا چاہتے ہیں، ہلکی پھلکی بارش بھی ہوئی، میں سمجھتا ہوں کہ ٹی 20 میں بعد میں بیٹنگ کرنا بہتر رہتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جس وقت مرلی کارتھک، کوہلی سے بات کررہے تھے تب پائی کرافٹ کے چہرے پر الجھن صاف دکھائی دے رہی تھی، مگر حیران کن طور پر انھوں نے کوئی مداخلت نہیں کی اور بعد میں تھارنگا نے بھی مرلی کارتھک سے بات چیت میں اس معاملے پر چپ سادھتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کو ہی ترجیح دیتے۔