راولپنڈی…..راولپنڈی کی احتساب عدالت میں آصف زرداری کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ۔ ریکارڈ کی گمشدگی کے باعث گواہ کا بیان ریکارڈ نہ ہوسکا۔احتساب عدالت کے جج خالد محمود رانجھا نے کیس کی سماعت کی۔استغاثہ کی گواہ مدینہ منورہ بی بی عدالت میں پیش ہوئیں مگر ان سے متعلق دستاویز پیش نہیں کی گئیں۔ عدالت نے ریفرنس کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔سماعت میں وقفہ کے دوران آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ آصف زرداری کی بریت کی درخواست جمع کرادی ہے ، بریت کی درخواست پر بحث کروںگا تو عدالت کو بتائوں گا کہ کس بنیاد پر اور کیوں آصف علی زرداری کو بری کیا جائے ، آصف زرداری کے خلاف ریفرنس میں کوئی ریکارڈ گم نہیں ہوا،پرانا ریفرنس ہے صندوق سے متعلقہ ریکارڈ کی تلاش کے لئے عدالت کا عملہ مصروف ہے۔فاروق نائیک نے کہا کہ ابھی 5 گواہان باقی ہیں جس کے بعد فیصلہ ہو گا۔ متعلقہ ریکارڈ تلاش نہ ہونے کے باعث عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی