کولمبو : دورہ سری لنکا میں میزبان کیخلاف جنگ سے قبل پاکستان ہتھیار جمعرات کو آزمائے گا، بورڈ پریذیڈنٹ الیون سے سہ روزہ میچ میں کافی عرصے سے مسابقتی کرکٹ سے دور ٹیسٹ پلیئرز کو صلاحیتوں پر لگا زنگ جھاڑنے کا موقع ملے گا۔
اعصاب شکن معرکوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مضبوط ترین ٹیم میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا گیا، کھلاڑیوں کو سیریز سے قبل ہر صورت خود کو مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کا چیلنج درپیش ہے، اسپنرز کی جنت میں اس بار یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر اپنی صلاحیتوں کے جادو جگائیں گے۔
پاکستانی ٹیم سری لنکا کے طویل دورے کا آغاز جمعرات سے میزبان بورڈ پریذیڈنٹ الیون کیخلاف سہ روزہ وارم اپ میچ سے کررہی ہے، یہ مقابلہ کولٹس کرکٹ گراؤنڈ پر ہوگا۔ 17 جون سے گال میں شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز سے قبل گرین کیپس کے پاس مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا یہ واحد موقع ہے، وہ اسی میں اپنے ہتھیاروں کو مزید چمکانے کے لیے بھی پُرعزم ہیں۔
احمد شہزاد اپنے ناکردہ گناہ معاف ہونے کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے جبکہ شان مسعود کو بھی طویل عرصے بعد موقع ملا، ان دونوں کو اپنی صلاحیتیں طویل طرز کی کرکٹ سے دوبارہ ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
سری لنکا کی ٹیم کافی مضبوط اوروہ اپنے گھر میں ہمیشہ ہی بیحد مشکل ثابت ہوئی ہے، اس کا سامنا کرنے کی خاطر وارم اپ میچ میں انہی کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے جنھیں ٹیسٹ الیون کا حصہ بنایا جائے گا۔