ٹوکیو……… جاپان کی ٹویوٹا موٹرز نے دنیا بھر سے ناقص سیٹ بیلٹ والی 28 لاکھ گاڑیاں واپس منگوالیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان گاڑیوں میں 2005 ء سے 2014ء کے درمیان تیار کیے گئے مقبول ترین آر اے وی 4 اورآر اے وی 4 الیکٹرک ماڈل اور 2005ء سے 2016 ء کے درمیان تیار ہونے والے وین گارڈ ایس یو وی ماڈل شامل ہیں۔دنیا کی سب سے بڑی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹویوٹا کے ایک ترجمان نے کہا کہ کمپنی کو معلوم ہوا کہ امریکا اور کینیڈا میں ہونے والے دو مختلف حادثات میں سیٹ بیلٹس ٹوٹ گئے۔کمپنی کے مطابق ابھی اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ ان حادثات کے نتیجے میں گاڑی میں بیٹھے افراد کو آنے والی چوٹیں اور اموات اس مسئلے کی وجہ سے ہیں۔ٹویوٹا نے کہا کہ وہ واپس منگوائی گئی گاڑیوں میں دھات سے بنے سیٹ کے فریم کو ڈھک دے گی تاکہ وہ بیلٹ کو کاٹ نہ سکے۔واضح رہے کہ واپس منگوائی گئی گاڑیوں میں سے 13 لاکھ گاڑیاں شمالی امریکا میں فروخت ہوئیں۔ٹویوٹا نے اس سے پہلے بھی حفاظتی اقدامات کے لیے ہزاروں گاڑیوں کو واپس منگوایا۔