لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کی مشہور اعظم کلاتھ مارکیٹ میں تاجروں اور دکانداروں سے بھتہ لیے جانے کا انکشاف۔۔۔ نامی گرامی بدمعاش کو تاجر اور دکاندار اپنی حق حلال کی کمائی سے حصہ دینے پر مجبور ۔۔۔تفصیلات کے مطابق اعظم کلاتھ مارکیٹ کے دکانداروں نے ڈی آئی جی اور سی پی او لاہور کے نام اپنی تحریری درخواست میں بیان کیا ہے کہ ہم درجنوں دکاندار 25 ، 30 سال سے اس مارکیٹ میں دکانداری کرکے اپنا اور بچوں کا پیٹ پال رہے ہیں اور حکومت کو بھی ٹیکس ادا کر رہے ہیں ، کچھ عرصہ سے ذوالفقار علی غوری نامی ایک شخص جو خود کو علاقہ کا کونسلر ظاہر کرتا ہے اور منشیات کیس میں سزا یافتہ بھی ہے اعظم کلاتھ مارکیٹ کے تاجروں کو ڈرا دھمکا کر ان سے بھتہ وصول کرتا ہے ، دکانداروں سے فی دکاندار 1500 روپے وصول کر کے پاس بنا کر دیتا ہے اور پھر انہیں اس مارکیٹ میں داخل ہونے دیتا ہے ۔درخواست گزاروں محمد عرفان ، شاہد بٹ ، ظفر بٹ ، محمد شفیق و دیگر نے بیان کیا کہ ذوالفقار علی نامی یہ شخص مزدوروں اور ریڑھی والوں ، ساز وسامان ڈھونے والوں کو بھی داخل ہونے سے روک کر ان سے بھتا وصول کرتا ہے ، اس شخص نے یہاں اپنی غنڈہ گردی اور راج قائم کر رکھا ہے ، چنانچہ ساری صورتحال دیکھ کر جب ہم تاجروں نے ملکر مذکورہ شخص ذوالفقار علی غوری سے بات کی کہ اس سے نہ صرف ہمارا کاروبار بلکہ مارکیٹ کا پرامن ماحول بھی خراب ہو رہا ہے، لہذٰا وہ اس دھندے سے باز آ جائے ۔ ہمارے اس مطالبے پر اس شخص نے ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور ڈرایا دھمکایا ، اسکے خوف سے کئی دکاندار خاموش ہو گئے اور کئی نے قانونی راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی مگر کسی کو کامیابی نہ ملی ۔ یہ دیکھ کر ذوالفقار علی غوری اور اسکے کارندوں کے حوصلے بلند ہو گئے ۔ اور انہوں نے مارکیٹ کی مختلف جگہوں پر مختلف طریقوں سے قبضہ جمانا شروع کر دیا ۔ اس گروہ نے نہ صرف مارکیٹ میں اپنی بدمعاشی قائم کر رکھی ہے بلکہ یہاں منشیات فروشی کا دھندہ بھی شروع کر دیا ہے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ہم نے اپنی حفاظت کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت سکیورٹی اور سی سی ٹی وی کیمرے لگوا رکھے تھے مگر ذوالفقار علی غوری اور اسکے کارندوں نے ان کیمروں کی تاریں کاٹ دی ہیں ۔ انکے اس جرم کی ویڈیو ہمارے پاس موجود ہے ، تاجروں نے پولیس کے اعلیٰ حکام کے نام اپنی درخواست میں اپیل کی ہے کہ انہیں آزادنہ طور پر بغیر ڈر خوف کاروبار کرنے اور اپنے بچوں کا رزق کمانے کا ما حول فراہم کیا جائے اور اس قبضہ مافیا اور بھتا لینے والوں سے ہماری جان چھڑائی جائے ۔