نومبر کے شروع ہوتے ہی ملک کے بیشتر شہروں میں سردی اور دھند کے سلسلے کا بھی آغاز ہو گیا ۔ دھند کے باعث سندھ ، پنجاب میں مختلف شہروں میں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ، حادثات میں 8 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے ۔
ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے سمیت مختلف شاہراہوں پر ٹریفک حادثات پیش آئے۔ حافظ آباد میں سکھیکی کے قریب موٹروے پر دھند کی وجہ سے 5 گاڑیاں آپس میں ٹکر ا گئیں ، حادثے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے ۔
بھکر میں بھی ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں ایک طالب علم جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے ۔
فیصل آباد میں موٹروے پر چراغ آباد انٹرچینج پر دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میںماں بیٹا جاں بحق اور 3افراد زخمی ہوگئے
ادھر فیصل آباد ، ملتان ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور سندھ کے مختلف شہروں میں بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثرہوکر رہ گئی ،لاہور اسلام آباد موٹر وے کے کئی سیکشن بندکردیے گئے جبکہ پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر رہا ۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات اور کل کے روز شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختو نخوا میں ہلکی بارش کے باعث دھند کی موجودہ صورتحال میں کچھ کمی کا امکان ہے۔