لاہور (جیوڈیسک) سانحہ یوحنا آباد کے سوگ میں آج لاہور کے تمام مشنری تعلیمی ادارے بند ہیں، یوحنا آباد کے علاقے میں بازار اور دکانیں بھی بند ہیں، گزشتہ روز بند کی جانیوالی میٹرو بس سروس بحال کر دی گئی ہے۔
یوحنا آباد کے گرجا گھروں میں گزشتہ روز خود کش حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگ میں لاہور کے تمام مشنری ادارے بند رہیں گے ، یوحنا آباد اور اس کے گرد و نواح میں تمام بازاروں میں بھی کاروبار بند ہیں۔
سانحہ کے سوگ اور جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سول سوسائٹی اور وکلا کی طرف سے بھی یوم سیاہ منا رہی ہے۔ وکلا بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں ، گزشتہ روز مظاہروں کے باعث بند کی جانیوالی میٹرو بس سروس بحال کر دی گئی ہے۔
علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ حملوں میں زخمی ہونیوالے زیر علاج ستر میں تینتالیس معمولی زخمیوں کو ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ ستائیس کا علاج جاری ہے جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے جنہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔