کراچی (یس ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما عرفان اللہ مروت نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کا کیس فوجی عدالت میں چلایا جائے، سندھ حکومت اس بھیانک سانحے کے ملزمان کو گرفتار کرے بصورت دیگر احتجاج شروع کیا جائے گا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان اللہ خان مروت کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی رپورٹ نے پوری قوم کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔
اس سانحے کے ملزمان اور پس پردہ عناصر کے خلاف مقدمات دائر کر کے فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کسی سیاسی جماعت نے نہیں بلکہ ایجنسیوں نے بنائی ہے، بلدیہ فیکٹری کے معصوم مزدورں کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے احتجاجی مظاہرہ شروع کیا جائے گا جس کی خاطر سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔