لاہور: منیٰ میں مکتب نمبر ترانوے کے قریب پیش آنے والے افسوس ناک واقعہ میں لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن کے حاجی عارف حسین بھی جام شہادت نوش کر گئے۔
سعودی ذرائع کے مطابق بھکر کے حاجی خلیل اور تخت بھائی کے تئیس سالہ عبدالمالک بھی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ حادثے میں پاکستانی حجاج زخمی بھی ہوئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے سانحہ منیٰ پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کو زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
دفتر خارجہ نے بھی پاکستانی حجاج کی معلومات کیلئے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے جس کا نمبر 00966125277537 تو جاری کر دیا گیا لیکن رابطہ ممکن ہی نہیں ہے۔ پاکستانی ڈائریکٹوریٹ حج کا کوئی اہلکار بھی حجاج کی رہنمائی کے لئے جائے حادثہ پر موجود نہیں تھا۔