کراچی (یس ڈیسک) مجلس وحدت مسلمین نے سانحہ شکار پور پر احتجاج کرتے ہوئے کراچی کے مختلف مقامات پر دھرنا دے دیا ہے،نمائش چورنگی پر دھرنے سے خطاب میں علامہ حسن ظفر نقوی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحے کے زخمیوں کو کراچی لاکر علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔سانحہ شکار پور سے جہاں پورے ملک کی فضا سوگوار ہوئی، وہیں مختلف شہروں میں احتجاج بھی کیا جارہا ہے
کراچی میں مجلس وحدت مسلمین نے احتجاجی دھرنا دے کر شہر کے مختلف علاقوں میں اہم شاہراہیں بندکردی ہیں،نمائش چورنگی، شاہراہ پاکستان انچولی،عباس ٹاؤن کے قریب ابوالحسن اصفہانی روڈ، شارع فیصل ،اسٹارگیٹ اورنیشنل ہائی وے،ملیرپندرہ پر مجلس وحدت مسلمین نے دھرنا دیا ہواہے ، نمائش چورنگی پر مظاہرین سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں بم دھماکے اور شیعوں کی نسل کشی کرکے فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے جبکہ سانحہ شکار پور کی ذمہ داری حکومت وقت اور وزیراعلی سندھ پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحے میں شدید زخمی ہونے والوں کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیا جائے اور اُنہیں علاج کی ہرممکن سہولتیں فراہم کی جائیں-